اسرائیلی فوج کا یمنی ائیرپورٹ پر حملہ، مکمل طور پر ناکارہ بنانے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے بین الاقوامی ائیرپورٹ پر حملہ کرکے ائیرپورٹ کو مکمل طور پر ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ صنعا ائیرپورٹ حوثی ملیشیا کے ہاتھوں ہتھیاروں کی ترسیل کے لیے استعمال ہو رہا تھا، جس کے بعد حملے کی کارروائی کی گئی۔

اسرائیلی فوج نے ائیرپورٹ کے علاوہ صنعا میں ایک سیمنٹ فیکٹری اور دو بجلی گھروں کو بھی نشانہ بنایا۔ فوج کے مطابق، سیمنٹ فیکٹری کو زیر زمین سرنگوں اور فوجی انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے صنعا ائیرپورٹ کو فوری طور پر خالی کرنے کی وارننگ بھی جاری کی تھی، جس میں ائیرپورٹ کو سرخ رنگ سے نشان زد کیا گیا تھا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ جو لوگ ائیرپورٹ کی حدود میں موجود ہیں، انہیں فوری طور پر علاقے کو چھوڑ دینا چاہیے، ورنہ وہ خود کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

یہ حملہ اسرائیلی فضائی حملوں کے ایک دن بعد کیا گیا، جس میں یمن میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ حملے حوثی ملیشیا کی طرف سے اسرائیل کے بن گوریون ائیرپورٹ پر میزائل حملے کے بعد کیے گئے تھے۔

اسرائیل کا یمنی دارالحکومت پر فضائی حملہ، صنعا ائیرپورٹ کو مکمل طور پر ناکارہ کرنےکا دعویٰ