پاکستان اور بھارت تنازع کے سیاسی حل کی جانب واپس آئیں: چین کی اپیل

چین نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کو قریب سے دیکھ رہے ہیں، پاکستان اور بھارت تنازع کے سیاسی حل کی جانب واپس آئیں، بات چیت سے مسائل کا حل نکالیں۔

بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص شروع کرنے کے بعد چین کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت تحمل کا مظاہرہ کریں، فریقین امن اور استحکام کے وسیع تر مفاد میں کام کریں۔

چین نے زور دیا کہ دونوں ممالک پرامن ذرائع سے سیاسی تصفیہ کی راہ پر واپس آئیں۔

چین نے اپیل کی کہ دونوں ممالک کسی بھی ایسی کارروائی سے گریز کریں جس سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہو، یہ نہ صرف بھارت اور پاکستان کے بنیادی مفاد میں ہے بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی ضروری ہے۔

چینی دفتر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ یہی وہ بات ہے جس کی بین الاقوامی برادری بھی توقع رکھتی ہے، چین اس سلسلے میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔