لاہور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے ملتوی شدہ میچز کا نیا شیڈول سامنے آ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بقیہ آٹھ میچز 17 سے 25 مئی کے دوران کھیلے جائیں گے، جن کے لیے لاہور اور راولپنڈی کو میزبان شہروں کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ حتمی منظوری چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے دی جانی ہے، جس کے بعد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
یاد رہے کہ یہ ایڈیشن اُس وقت معطل ہوا تھا جب 8 مئی کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ سے قبل راولپنڈی اسٹیڈیم کے قریب بھارتی ڈرون گر کر تباہ ہوا تھا، جس کے باعث سیکیورٹی خدشات پیدا ہو گئے تھے۔ بعد میں، دبئی میں میچز کروانے کا بھی منصوبہ بنا، مگر حکومتی مشورے کے بعد ٹورنامنٹ کو غیرمعینہ مدت کے لیے مؤخر کر دیا گیا تھا۔
اب بھارت کے ساتھ کشیدگی میں کمی کے بعد پی ایس ایل کو دوبارہ شیڈول کر دیا گیا ہے، اور شائقین ایک بار پھر سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو تیار ہیں۔