ملک میں مہنگائی کی لہر تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں 1.03 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 1.29 فیصد رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 18 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، اور 21 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ زندہ مرغی کی قیمت میں 15.95 فیصد، انڈوں میں 8.34 فیصد، چینی میں 1.97 فیصد، جبکہ دیگر اشیاء جیسے دال، گوشت، خشک دودھ اور گڑ کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
دوسری جانب ٹماٹر، پیاز، لہسن، آلو، چائے، چاول، ویجیٹیبل گھی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔
آمدنی کے لحاظ سے طبقاتی اثرات بھی رپورٹ میں ظاہر کیے گئے:
17,732 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 0.42 فیصد رہی
44,176 روپے سے زائد آمدنی والے طبقے کیلئے شرح 2.32 فیصد تک پہنچ گئی
مہنگائی میں مسلسل اضافے نے عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، اور خوراک و روزمرہ استعمال کی اشیاء اب پہلے سے بھی زیادہ مہنگی ہو گئی ہیں۔
