اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دفاعی تعاون پاکستان کی تذویراتی طاقت کی بنیاد ہے، جے ایف 17 تھنڈر ، جے 10 سی اور پی ایل 15 میزائل پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا مظہر ہیں۔
اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاک-چین دوستی کے 74 سالہ جشن کی تقریب میں شرکت کی۔
سردار ایاز صادق نے تقریب سے خطاب میں خضدارمیں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے معصوم بچوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دے گا۔
پاک چین دوستی پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مثالی تاریخی تعلقات، باہمی اعتماد کی زندہ مثال ہیں، چین-پاکستان شراکت داری، استحکام اور ترقی کی علامت ہے۔
تقریب میں چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے بھی اپنے خطاب میں پاکستان کو برادرانہ دوست ملک قرار دیا، اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان 74 سال پر محیط تعلقات مزید مضبوط ہورہے ہیں۔