کراچی سے لاہور پرواز طوفان میں پھنس گئی، مسافروں نے کلمہ طیبہ کا ورد کیا

کراچی سے لاہور جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز شدید طوفان کے باعث خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔

دوران پرواز، طیارہ کئی منٹ تک آندھی کی زد میں رہا، جس کے باعث شدید جھٹکے لگے اور مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

نجی ایئرلائن کی پرواز ایف ایل 842 کے مسافر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے، جبکہ پائلٹ نے بڑی مہارت سے طیارے کو واپس اڑایا۔ ایئر ٹریفک کنٹرول نے فوری اقدامات کرتے ہوئے طیارے کو کراچی واپس بھیج دیا۔

مزید برآں، اسلام آباد سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 6385 کو بھی کراچی منتقل کر دیا گیا، جبکہ کراچی کی دو پروازیں پی کے 305 اور پی اے 405 کی روانگی شدید طوفان کے باعث تاخیر کا شکار ہوئیں۔