پی ایس ایل 10 کا فائنل آج لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا فائنل دوبار کی چیمپئن لاہور قلندرز اور 2019 کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان آج کھیلا جائے گا۔
فائنل مقابلے کےلیے ٹیمیں تیاری نہ کرسکیں، کل لاہور میں تیز آندھی اور بارش کے سبب پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا، موسم کی خرابی کے سبب دونوں ٹیموں کے کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن میدان کے بجائے ہوٹل میں ہوا۔
رواں سیزن میں دونوں ٹیمیں دو بار آمنے سامنے آئیں، پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے 79 رنز سے فتح اپنے نام جبکہ دوسرا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔
مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان سپر لیگ میں جو 19 میچز کھیلے گئے ان میں9 بار لاہور قلندرز اور 9 ہی بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فاتح رہی جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
پاک بحریہ کو خراج تحسین
ایچ بی ایل پی ایس ایل فائنل میں پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
اس سے قبل آرمی اور فضائیہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا جا چکا ہے۔
پی سی بی حکام کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں فائنل میچ کی اننگز کے وقفے میں خصوصی تقریب ہو گی۔