پی سی بی کا قومی وائٹ بال کرکٹرز کے حوالے سے بڑا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی وائٹ بال کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس میں بہتری لانے کے لیے تین روزہ ہائی پرفارمنس کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کیمپ کل سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (NCA) لاہور میں شروع ہوگا، جہاں کھلاڑیوں کو مخصوص گروپس میں مدعو کیا جائے گا۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کی اسکلز، ٹیکنیک، اور فٹنس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
پی سی بی نے اس کیمپ کے لیے قومی ٹیم کے اسٹار کھلاڑی بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو بھی طلب کر لیا ہے۔ ان کے علاوہ دیگر وائٹ بال اسپیشلسٹ کھلاڑی بھی کیمپ میں شرکت کریں گے۔
ہائی پرفارمنس کیمپ کی نگرانی قومی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کریں گے، جبکہ انہیں این سی اے کے کوچز اور ہائی پرفارمنس کے ڈائریکٹر عاقب جاوید کی معاونت حاصل ہوگی۔
حکام کے مطابق یہ کیمپ نہ صرف اگلے وائٹ بال ٹورز کے لیے تیاری کا حصہ ہے بلکہ کھلاڑیوں کے انفرادی مسائل پر بھی براہ راست کام کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔