واٹس ایپ کا بہترین فیچر بہت جلد متعارف ہونے کا امکان

واٹس ایپ میں چند نئے فیچرز کی آزمائش بیٹا ورژن میں شروع ہوئی ہے جس میں سے ایک وہ ہے جس پر کافی عرصے سے کام ہورہا تھا۔ واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ایک اکاؤنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر کام کرنے میں مدد دینے والے فیچر کی آزمائش اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے بیٹا ورژنز میں شروع کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہہ چیٹ کلیئر کرنے اور چیٹ کے اندر سرچ کو بہتر بنانے کے فیچرز بھی بیٹا ورژنز میں پیش کردیئے گئے ہیں۔ مگر سب سے اہم فیچر ملٹی ڈیوائس لاگ ان سپورٹ ہی ہے جس کا انتظار لوگ عرصے سے کررہے ہیں کیونکہ اس سے کئی ڈیوائسز پر اکاؤنٹ کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

اس وقت صارف صرف ایک موبائل فون میں لاگ ان ہوسکتا ہے اور کمپیوٹر ویب براؤز پر ویب ورژن پر استعمال کرسکتا ہے مگر اس کے لیے موبائل ڈیوائس کا قریب ہونا ضروری ہے۔ اگر صارف کسی دوسرے فون میں اپنا اکاؤنٹ استعمال کرنا چاہے تو نئے سرے سے سائن ان کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ملٹی ڈیوائس لاگ ان سپورٹ ایک وقت میں 4 ڈیوائسز میں فراہم کرنے کی ٹیسٹنگ کی جارہی ہے۔ اگرچہ 4 ڈیوائسز دیگر چیٹ ایپس جیسے ٹیلیگرام کے مقابلے میں کم ہیں مگر پھر بھی اس وقت ایک ڈیوائس کی حد سے تو بہتر ہی ہے۔ بیٹا ورژنز پر دستیابی سے عندیہ مملتا ہے کہ اس فیچر کو بہت جلد تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے مگر ابھی کہنا مشکل ہے کہ اس میں مزید کتنا وقت لگے گا۔