چین : کورونا ویکسین سے متعلق بڑی پیشرفت

 چینی کمپنی سینویک بائیو ٹیک لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ اس کی تیار کردہ کورونا ویکسین انسانی آزمائش کے دوران مریض کی صحت اور مدافعتی نظام کو متحرک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ماہرین کو اس اعلان سے یہ عندیہ ملا ہے کہ یہ ویکسین نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کوویڈ 19 کے خلاف بھرپور دفاع ثابت ہوسکتی ہے۔

کمپنی کے اعداد وشمار کے مطابق یہ ویکسین جسے کورونا ویک کا نام دیا گیا ہے، انسانی آزمائش کے دوران ویکسین کے مریض پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔

جن افراد پر اسے آزمایا گیا ان لوگوں میں دوہفتے بعد کوویڈ 19 کیخلاف مضبوط اور مو¿ثر قوت مدافعت پیدا ہوئی جن میں ایسی اینٹی باڈیز بھی شامل تھیں جو وائرس کو ناکارہ بنانے کے لیے ضروری ہیں۔

بیجنگ میں قائم کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ویکسین کے انسانوں پر کیے جانے والے پہلے اور دوسرے مراحل کے ابتدائی نتائج جاری کیے گئے جن میں 18 سے 59 سال کی عمر کے 743 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں 143 جبکہ دوسرے مرحلے میں 600 افراد کو شامل تھے۔

جن افراد کو ویکسین کا استعمال کرایا گیا ان میں 14 دن بعد وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز کی سطح 90 فیصد سے زیادہ تھی جبکہ کسی قسم کے شدید مضر اثرات بھی دیکھنے میں نہیں آئے۔

کمپنی کے ترجمان کے مطابق ایک اور گروپ پر ویکسین کے نتائج بھی جلد جاری کیے جائیں گے جن میں ٹرائل کا دورانیہ 28 دن کا تھا اور ان نتائج کو تدریسی جرائد میں شائع کیا جائے گا۔