سشانت سنگھ کی آخری فلم آن لائن ریلیز کرنے کا اعلان

بولی وڈ اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کی دوپہر ایک بجے کے قریب بھارتی شہر ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی تھی۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع پر جائے وقوع کا جائزہ لینے کے بعد ہی بتایا تھا کہ اداکار نے خودکشی کی ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔ اداکار کی اچانک موت نے ان کے گھروالوں، مداحوں اور دوستوں کو شدید صدمے کا شکار کیا، یہاں تک کہ سشانت سنگھ کے ایک کزن کی اہلیہ دنیا سے چل بسیں۔

سودھا دیوی نامی خاتون سشانت سنگھ کی اچانک موت کا صدمہ برداشت نہیں کرسکیں اور عین اس وقت پٹنہ میں آخری سانسیں لیں جب ممبئی میں اداکار کی آخری رسومات ادا کی جارہی تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سودھا دیوی نے سشانت سنگھ کی خودکشی کی خبر سننے کے بعد کھانا پینا چھوڑ دیا تھا۔ دوسری جانب اداکار کی آخری فلم 'دل بیچارہ' جو کہ ایک ہولی وڈ فلم دی فالٹ ان آرز اسٹارز پر مبنی ہے، آن لائن ریلیز کی جائے گی۔

فلم فیئر کی رپورٹ کے مطابق یہ فلم مکیش چھابڑا کا بطور ڈائریکٹر ڈیبیو ہے اور اسے مئی میں ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا وائرس کی وبا کے باعث ریلیز نہیں کیا گیا۔ مکیش چھابڑا سشانت سنگھ کے قریبی دوستوں میں شامل تھے اور دونوں ایک دوسرے کو بھائی سمجھتے تھے۔ اس فلم میں سنجنا سنگھی نے سشانت سنگھ کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا اور ان کی خودکشی پر ایک انسٹاگرام پوسٹ پر اپنے غم کا اظہار کیا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Sanjana Sanghi (@sanjanasanghi96) on

سُشانت سنگھ راجپوت کی جانب سے مبینہ خودکشی کرنے کا واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب کہ 2 دن قبل ہی ان کی سابق مینیجر 28 سالہ ڈیشا سالین نے بھی گھر کی عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی تھی۔ سشانت سنگھ راجپوت نے اداکاری کی شروعات ڈراموں سے کی تھی، ان کا پہلا ڈراما کس دیش میں ہے میرا دل 2008 میں ریلیز ہوا تھا۔ پہلے ڈرامے میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد انہوں نے مقبول بھارتی ڈراما سیریل 'پوتر رشتہ' میں کام کیا جس نے ان کی مقبولیت کو گھر گھر پہنچا دیا۔

سشانت سنگھ راجپوت ڈانس ریئلٹی شو ذرا نچ کے دکھا میں بھی ڈانس کرتے دکھائی دیے، اسی طرح انہوں نے ایک اور معروف ڈانس ریئلٹی شو جھلک دکھلا جا سیزن فور میں بھی شرکت کی۔ سُشانت سنگھ راجپوت نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے اب تک محض ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا۔ سُشانت کی پہلی فلم کائی پو چے تھی، تاہم انہیں سب سے زیادہ شہرت عامر خان کی 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم پی کے سے ملی، جس کے بعد انہوں نے 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ایم ایس دھونی میں شاندار اداکاری کرکے مداحوں کے دل جیت لیے۔

سشانت سنگھ راجپوت کی فلموں میں کائی پو چے، شدھ دیسی رومانس، پی کے، ڈیٹیکٹو بایو مکیش بخشی، ایم ایس دھونی: دی یونائیٹڈ اسٹوری، رابطہ، ویلکم ٹو نیویارک، کیدرناتھ، سون چڑیا، چھچھورے اور ڈرائیو شامل ہیں۔ خیال رہے کہ 14 جون کو اداکار کی لاش ممبئی میں ان کے گھر میں پھندے سے لٹکی ملی تھی۔ بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق 34 سالہ سُشانت سنگھ راجپوت کی پھندا لگی لاش ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سے ملی۔

رپورٹ میں پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ابتدائی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کی تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق بولی وڈ اداکار کی لاش ممبئی کے پرتعیش علاقے باندرا میں ان کی رہائش گاہ سے ملی اور انہوں نے اپنے کمرے کو بند کرکے خود کو پھندا لگا کر خودکشی کی۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس نے اداکار کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کے کمرے کے دروازے کو توڑ ا اور ان کی لاش کو پھندے سے اتارا۔ بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق سشانت سنگھ کی رہائش گاہ پر ان کے چند دوست بھی موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک کی تفتیش سے ظاہر ہوتا ہے کہ اداکار نے خودکشی کی ہوگی تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ انڈین ایکسپریس نے بھی اپنی رپورٹ میں پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اداکار نے 14 جون کو اپنی رہائش گاہ میں خودکشی کی اور پولیس نے معاملے کی مزید تفتیش شروع کردی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اداکار گزشتہ چند ماہ سے ذہنی دباؤ اور سخت ڈپریشن کا شکار تھے اور ان کی ڈپریشن میں حالیہ ہفتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔