منگو کے چاہنے والوں کے لئے خوشخبری ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی اینی میٹیڈ فلم ’دی ڈونکی کنگ‘ پاکستان اور دیگر 10 ملکوں میں شائقین کا دل جیتنے کے بعد اب امریکا اور برطانیہ میں انگریزی زبان میں ریلیز کی جا رہی ہے۔
فلم مشہور ترین ڈیجیٹل پلیٹ فارم ایمیزون پرائم ویڈیو پر دستیاب ہو گی۔
یاد رہے ڈونکی کنگ پاکستان کی پہلی فلم ہے جسے اسپین، ترکی، روس، یوکرین، کولمبیا سمیت دنیا کے دس ممالک میں ریلیز کیا جاچکا ہے اور اب ایمیزون پرائم کے توسط سے امریکا ور برطانیہ میں مقیم پاکستانی بھی اس فلم کے مزے اٹھا سکیں گے۔
دی ڈونکی کنگ پاکستان سنیما کی تاریخ کی پہلی اینی میٹیڈ فلم ہے جس نے ملک میں 25 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔
فلم میں افضل خان عرف جان ریمبو نے منگو جب کہ حنا دلپذیر نے لومڑی کی صداکاری کی ہے۔
دیگر صداکاروں میں جاوید شیخ، عدیل ہاشمی، شفاعت علی، غلام محی الدین، فیصل قریشی، شبیر جان، مانی، اسماعیل تارا اور عرفان کھوسٹ شامل ہیں۔