اداکارہ ماورا حسین اس وقت تنقید کی زد میں آگئیں جب ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ روڈ پر لڑکیوں کو چھیڑنے کو معمولی بات اور لڑکوں کا مزہ کہتی ہوئی نظر آئیں۔
ماورا حسین کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اور ہمایوں سعید ندا یاسر کے شو میں اپنی فلم کی پروموشن کے لیے آئے ہوئے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ندا یاسرماورا سے پوچھتی ہیں کہ کیا کبھی تمہیں کسی نے چھیڑا؟
جس پر ماورا حسین کہتی ہیں کہ لڑکیوں کو چھیڑنا تو لاہور کا فن ہے لڑکے گاڑیوں میں تیز میوزک لگاکرنکل جاتے ہیں روڈ پر اور لڑکیوں کو چھیڑ رہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ اس کے بغیر لاہوریوں کی عید نہیں لگتی۔ لہذا ہمیں اس کا برا نہیں ماننا چاہئے۔
ندا یاسر نے کہا اگر آپ کو ابھی بھی کوئی چھیڑے تو آپ کو برا نہیں لگے گا جس پر ماورا نے کہا ہاں کوئی بات نہیں مجھے برا نہیں لگے گا، کیونکہ ان کی بھی تو عید ہے۔ ویڈیو کا یہ کلپ شو میں موجود اداکاروں اور لوگوں کی تالیوں پر ختم ہوتا ہے تاہم سوشل میڈیا صارفین نے ماورا کی اس بات کو بالکل بھی مذاق میں نہیں لیا اور انہیں مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے فنکاروں کو بولنے سے پہلے سوچنا چاہئے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔
ایک ٹوئٹر صارف نے ماورا کی اس بات کا سخت برا مناتے ہوئے کہا آپ نے خود تو کبھی اس ہراسانی کا تجربہ نہیں کیا لیکن باقی لڑکیوں کی طرف سے کہہ دیا کہ لڑکوں کا روڈ پر لڑکیوں کو چھیڑنا فن ہے۔
عمر نامی صارف نے کہا کیا عجیب مسخرے ہیں کتنے آرام سے ایک گھٹیا حرکت کو نارمل بنارہی ہے۔
ایمان نامی صارف نے کہا مطلب کچھ بھی، کیا ماورا یہ کہنا چاہ رہی ہیں کہ ہراسانی فن ہے اور اگر کوئی کسی کو ہراساں کرتا ہے تو یہ کوئی بڑی بات نہیں اور اسے کس نے یہ بتادیا کہ لاہور لڑکیوں کو چھیڑنے کی وجہ سے مشہور ہے؟
ماہا قریشی نے کہا ماورا حسین کوکسی بھی معاملے کی زیرو سمجھ ہے۔ نہیں یہ ہمارے لیے اینٹرٹینمنٹ نہیں ہے یہ بہت ہی ناگوار اور پریشان کن ہے اور بہت ہی ناقابل قبول ہے۔