پاکستان کی معروف اداکارہ سار ہ خان اور تمغہ امتیاز مہوش حیات کی جانب سے بھی تُرک اداکارہ اسراء بلجیک کے مختصر سے ٹوئٹ پر ردعمل دیا گیا ہے۔
دو روز قبول شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اسراء بلجیک نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانیوں کے لیے ایک انوکھا ٹوئٹ کیا تھا۔
اسراء بلجیک نے اپنے مختصر ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’انہیں پاکستان میں اپنا نمبر ون مل گیا ہے۔‘
تُرک اداکارہ کے اس ٹوئٹ کے بعد سے جہاں سوشل میڈیا صارفین شدید شش و پنج میں مبتلا ہیں تو وہیں شوبز ستارے بھی اسراء بلجیک کے اس ٹوئٹ پر مختلف اندازے لگاتے نظر آرہے ہیں۔
اس ضمن میں معروف اداکارہ سارہ خان نے بھی اسراء بلجیک کے ٹوئٹ پر اپنا اندازہ لگاتے ہوئے انوکھا ردعمل دے دیا ہے۔
سارہ خان نے فوٹو اینڈویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری میں اسراء بلجیک کے ٹوئٹ کا اسکرین شارٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اسراء کو پاکستان میں نمبر ون مل گیا ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ اب تو وہ ہماری بھابھی ہیں۔‘
دوسری جانب پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معرو ف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے بھی اسراء بلجیک کے ٹوئٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مہوش حیات نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سوالیہ انداز میں لکھا کہ ’واؤ، کیا واقعی اسراء کو پاکستان میں اُن کا نمبر ون مل گیا ہے؟‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’اگر ایسا ہے پھر تو مبارکبا د بنتی ہیں۔‘
انہوں نےاپنے انسٹاگرام اسٹوری میں اسراء کے ٹوئٹ کا اسکرین شارٹ بھی شیئر کیا تاکہ صارفین کو معلوم ہوجائے کہ وہ کس بارے میں بات کر رہی ہیں۔