ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ سے ایک افسوسناک خبر ہے کہ منا بھائی ایم بی بی ایس، کھل نائیک اور واستوو جیسی شہرہ آفاق فلموں کے اداکار سنجے دت کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
خبریں ہیں کہ سنجے دت کو علاج کیلئے فوری طور پر امریکا لے جانے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق انھیں پھپھڑوں کا کینسر لاحق ہے۔ سنجے دت کے انتہائی قریبی دوست نے میڈٰیا کو بتایا کہ ان کے اہلخانہ ان دنوں دبئی میں رہائش پذیر ہیں۔
دوسری جانب سنجے دت نے خود ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ وہ میڈیکل ٹریٹمنٹ کی غرض سے اپنے کام سے کچھ عرصہ کیلئے دوری اختیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں یہ تو نہیں بتایا کہ انھیں کیا بیماری لاحق ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس وقت میرے اہلخانہ اور دوست میرے ساتھ ہیں، میں اپنے تمام مداحوں اور خیر خواہوں سے کہتا ہوں کہ وہ غیر ضروری قیاس آرائیوں سے اجتناب کریں، میں بہت جلد ان کے درمیان میں ہونگا۔