ٹوئٹر نے بدکلامی روکنے کیلئے نیا فیچر متعارف کرادیا

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر نے بدکلامی کو روکنے کیلئے ایک زبردست فیچر متعارف کرایا ہے جس کے تحت صارفین اپنے ٹوئٹ پر ری پلائے کو محدود کر سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر کے ’ریپلائے لمٹنگ فیچر‘ کے ذریعے صارفین اپنے ٹوئٹ پر آنے والے ریپلائے کو محدود کر سکیں گے۔ اس سے قبل صارف کے ٹوئٹ پر کوئی بھی ریپلائے کر سکتا تھا لیکن اب صارف اپنی پوسٹ کیلئے ریپلائی کرنے والوں کو اپنی مرضی کے مطابق چن سکیں گے۔

ٹوئٹر اس فیچر پر رواں سال مئی سے تجربہ کر رہا ہے جس کے نتیجے میں صارفین کی جانب سے بلاک اور میوٹ کے آپشن کو استعمال کرنے میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ٹوئٹر نے یہ فیچر آئی او ایس صارفین کیلئے گزشتہ ہفتے پیش کیا تھا اور اب یہ اینڈرائیڈ صارفین اور ویب سائٹ پر بھی فعال ہو گیا ہے۔