اب موبائل فون کے زریعے زلزلے کی پیشن گوئی-

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل کی طرف سے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم میں ایک ایسا شاندار فیچر شامل کیا جا رہا ہے کہ لوگوں کو زلزلے سے پہلے ہی اس کی خبر مل جایا کرے گی۔ میل آن لائن کے مطابق گوگل کی طرف سے اس فیچر کے تحت امریکی ریاست کیلیفورنیا کے مختلف مقامات پر لگائے گئے ’سائزمومیٹرز‘ کو اینڈرائیڈ سے منسلک کیا گیا ہے۔ یہ میٹر جونہی زلزلے کی پیش گوئی کریں گے، اس کا الرٹ نوٹیفکیشن کی صورت میں اینڈرائیڈ فون صارفین کی سکرین پر بھی نمودار ہو جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا میں ہی گزشتہ دنوں اس کا تجربہ بھی کیا گیا۔ گوگل کی طرف سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ”دنیا میں قدرتی حادثات کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے چنانچہ ہم اینڈرائیڈ فون صارفین کو زلزلے کی صورت میں ایک موقع دینا چاہتے ہیں تاکہ انہیں پیشگی اس سے آگاہی مل جائے اور وہ خود کو محفوظ مقام پر لے جائیں۔

اینڈرائیڈ کا یہ فیچر زلزلے سے چند منٹ پہلے ہی لوگوں کو نہ صرف ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے زلزلے سے آگاہ کر دے گا بلکہ انہیں محفوظ رہنے کے ممکنہ طریقے بھی بتائے گا۔ یہ فیچر اینڈرئیڈ فونز کو ایک ’منی سائزمومیٹر‘ میں بدل دے گا۔“