اداکارہ اور مارننگ شو ہوسٹ صنم بلوچ نے سوشل میڈیا پر پہلی بار اپنی بیٹی کی تصاویر شیئر کرکے اپنے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔
صنم بلوچ گزشتہ کافی عرصے سے ٹی وی اسکرین سے غائب ہیں ان کا ڈراما ’’خاص‘‘ گزشتہ برس نجی چینل پر نشر ہوا تھا اس کے بعد صنم بلوچ نہ تو کسی ڈرامے میں نظر آئیں اور نہ ہی کسی مارننگ شو میں۔
تاہم اب اچانک انہوں نے اپنی بیٹی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے اپنے چاہنے والوں کے ساتھ خوشخبری شیئر کی ہے کہ انہوں نے نہ صرف شادی کرلی ہے بلکہ ایک خوبصورت سی بیٹی کی ماں بھی بن گئی ہیں۔
صنم بلوچ نے عبداللہ فرحت اللہ کے ساتھ شادی کی تھی جس کے بعد یہ جوڑی شوبز کی پسندیدہ جوڑی بن گئی تھی تاہم 2018 میں دونوں نے اپنی راہیں جدا کرلی تھیں۔ دونوں کے درمیان علیحدگی کس وجہ سے ہوئی تھی اس بارے میں دونوں نے کوئی بھی بیان دینے سے گریز کیا تھا۔
اب صنم بلوچ کی جانب سے بیٹی کی تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد یہ خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی کہ صنم ایک بار پھر شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں لیکن انہوں نے اتنی خاموشی سے شادی کی کہ کسی کو خبر تک نہیں ہونے دی اور نہ ہی انہوں نے یہ بات شیئر کی ہے کہ انہوں نے کس شخص کو اپنا جیون ساتھی منتخب کیا ہے۔
تصاویر میں صنم نے اپنی بیٹی کو اپنی سن شائن قرار دیا ہے۔ صنم بلوچ کی جانب سے تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد مداحوں کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔