مسجد ویڈیو ریکارڈنگ معاملہ؛ صبا قمراوربلال سعید کی عبوری ضمانت منظور


 سیشن عدالت نے مسجد میں ویڈیو ریکارڈنگ معاملے پراداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

لاہور کی سیشن عدالت میں صباقمر اور بلال سعید کے خلاف لاہور کی تاریخی وزیر خان مسجد میں میوزک ویڈیو کی ریکارڈنگ کے معاملے پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج وسیم اختر نے صبا قمر اور بلال سعید کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ مدعی وکیل فرحت منظور چانڈیو ملزموں کی ضمانت کی درخواست پر مخالفت میں پیش ہوئے۔


 
عدالت نے صبا قمر اور بلال سعید کی گرفتاری روک دی۔ اس کے علاوہ  دونوں فنکاروں  کو پچاس پچاس ہزار کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے صبا قمر اور بلال سعید کی 25 اگست تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔
دوسری جانب  کراچی سٹی کورٹ میں بھی اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف مقدمے کی درخواست کے کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اداکاروں نے ساتھیوں کے ہمراہ مسجد میں رقص اور گانے کی عکس بندی کی۔ اداکاروں نے مسجد کا تقدس پامال کیا اور مسلمانوں کے جذبات مجروع کیے۔ عدالت نے مدعی لیاقت گبول ایڈووکیٹ کو مسجد وزیرخان کی انتظامیہ اورمحکمہ اوقاف کے افسران کے نام پیش کرنے کا حکم دیدیا۔