کھیت سے ملنے والی اس پراسرار تجوری میں کیا ہے؟

 

 

انٹرنیٹ پر آج کل ایک عجیب و غریب تجوری کے بارے میں چہ مگوئیاں ہورہی ہیں جو امریکی ریاست نیویارک کے ایک کھیت میں برسوں سے دفن تھی اور کچھ دن پہلے ہی وہاں سے برآمد ہوئی ہے۔


کوئی نہیں جانتا کہ دھات سے بنی ہوئی یہ تجوری کس کی ہے اور کتنے سال پہلے یہاں دفن کی گئی تھی، لیکن اس پر ایک پیغام ضرور چسپاں ہے جس پر لکھا ہے کہ جو شخص بھی یہ تجوری کھولنے میں کامیاب ہوجائے گا، تجوری میں رکھا ہوا ’’سب کچھ‘‘ اس کا ہوگا؛ یعنی یہ ایک طرح کا چیلنج بھی ہے۔


یہ تجوری ایک مقامی زمیندار کرس میتھیس کے کھیت میں سے برآمد ہوئی، لیکن تب وہ کسی دوسرے شہر گئے ہوئے تھے جنہیں فون پر یہ تجوری ملنے کی اطلاع دی گئی۔

پاکستان کی طرح امریکا میں بھی لوگوں کا ہجوم اس تجوری پر ٹوٹ پڑا اور بعض افراد نے تو تجوری کھولنے کےلیے اس پر ہتھوڑوں اور آہنی سریوں کی برسات کردی لیکن اس پر معمولی خراشیں ہی لگا سکے۔

پولیس نے مداخلت کرکے ان لوگوں کو کھیت سے باہر نکالا اور اتنی دیر میں میتھیس بھی وہاں پہنچ گئے جو پولیس کی مدد سے یہ تجوری اپنی گاڑی میں رکھوا کر گھر لے گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس پراسرار تجوری کا وزن کسی صورت 500 پاؤنڈ سے کم نہیں۔

تجوری میں کیا ہے؟ اس بارے میں میتھیس کا کہنا ہے کہ انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، چاہے تجوری میں ہیرے جواہرات ہوں یا پھر بچوں کے پرانے کھلونے۔

فی الحال میتھیس خود ہی یہ تجوری کھولنا نہیں چاہتے بلکہ خواہش مند افراد کو اس تجوری کے ساتھ زور آزمائی کرنے کا موقع دے رہے ہیں۔

’’کورونا وائرس کی عالمی وبا سے بہت زیادہ خوف پھیلا ہوا ہے۔ اگر ایسے میں اس پراسرار تجوری کے بہانے لوگوں کی توجہ دوسری طرف مبذول ہورہی ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں،‘‘ کرس میتیھس نے مقامی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا۔