کینبرا۔حال ہی میں آسٹریلیا کے ایک تفریحی علاقے میں ساڑھے 14 فٹ لمبا مگرمچھ پکڑا گیا ہے جس کا وزن 770 پاؤنڈ ہے۔
اگرچہ اتنے بڑے مگرمچھ ذرا کم کم ہی ملتے ہیں‘ تاہم گینز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اب تک پکڑے جانے والے دنیا کے سب سے بڑے مگرمچھ کی لمبائی 20 فٹ تین انچ اور وزن 2400 پاؤنڈ کے قریب تھا‘ جسے ستمبر 2011ء میں فلپائن میں پکڑا گیا تھا۔
آسٹریلیا میں جنگلی حیات کے تحفظ کا کام کرنے والے محکمے وائلڈ لائف رینجرز نے بتایا ہے کہ شمالی آسٹریلیا کے تفریحی علاقے میں جو سیاحوں کیلئے بڑی کشش رکھتا ہے‘ یہ کئی برسوں کے دوران پکڑا جانے والا سب سے بڑا مگرمچھ ہے۔
شمالی علاقے کیتھرین کے سینئر وائلڈ لائف رینجر جان برک نے کہا کہ مگرمچھ کو آؤٹ بیک قصبے سے 75 میل کے فاصلے پر واقع دریائے فلورا کے تفریحی پارک سے پکڑا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں یاد نہیں پڑتا کہ دریائے فلورا میں سے اس سے بڑا مگرمچھ کبھی پکڑا گیا ہو۔ تاہم تین سال قبل دریائے کیتھرین سے ایک ساڑھے 15 فٹ لمبا مگرمچھ پکڑا گیا تھا‘ لیکن دریائے کیتھرین سمندر کے قریب ہے اور نمکین پانی کے مگرمچھ عموماً بڑے سائز اور زیادہ وزن کے ہوتے ہیں۔
آسٹریلیا کے گرم مرطوب شمالی علاقوں میں مگرمچھ بڑی تعداد میں موجود ہیں‘ جس کی وجہ یہ ہے کہ آسٹریلیا کی حکومت نے ان کی نسل بچانے کیلئے 1970ء کے عشرے میں شکار پر پابندی لگا دی تھی۔
برک کا کہنا تھا کہ تفریحی پارک میں مگرمچھوں کی تعداد اتنی بڑھ چکی ہے کہ سیاحوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ہمیں خصوصی انتظامات کرنے پڑ رہے ہیں اور مگرمچھوں کی تعداد قابو میں رکھنے کے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
پکڑے گئے مگرمچھ کو مگرمچھوں کے ایک فارم میں پہنچا دیا گیا ہے جہاں ان کی افزائش نسل کی جاتی ہے۔ اس فارم میں مگرمچھوں کو تجارتی مقاصد کیلئے پالا جاتا ہے اور ان کی کھال اور گوشت کو فروخت کر دیا جاتا ہے۔ مگرمچھ کی کھال بھاری قیمت پاتی ہے۔