افغان فورسز کی کاروائی میں 25 عسکریت پسند ہلاک،8 زخمی

 

کابل۔افغانستان کے مشرقی صوبہ لغمان میں طالبان حملے کے جواب میں افغان سکیورٹی فورسز کی کاروائی میں کم از کم 25 عسکریت پسند ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے ہیں۔یہ بات صوبائی حکومت کے ترجمان نے پیر کے روز بتائی۔

ترجمان اسد اللہ دولت زئی نے  بتایا کہ عسکریت پسندوں نے نصف شب کے وقت صوبائی دارالحکومت مھترلام کے شمال میں واقع ضلع علی شنگ کے علاقے جیبون میں سیکورٹی فورسز کے ٹھکانے پر دھاوا بول دیا۔ 

زمینی فوج نے فضائی مدد طلب کی اور افغان فضائیہ نے علاقے میں ایک درست فضائی حملے میں شدت پسندوں کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ مرنیوالے عسکریت پسندوں میں سے 5 کا تعلق طالبان کے سرخ جنگجوں کی یونٹ سے ہے جو فوجیوں سے لڑائی کے دوران رات کو دیکھنے میں مدد دینے والے آلات اور مرئی لیزر استعمال کرتے ہیں۔

حملہ آور قریبی پہاڑیوں سے آئے تھے اور سیکورٹی فورسز نے جھڑپوں کے بعد ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا ہے۔

مقامی دیہاتی اور افغان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے اہلکار عام طور پر جھڑپوں کے بعد عسکریت پسندوں کی لاشیں اکٹھی کرتے ہیں تاکہ ان کی شناخت کی جا سکے اور لاشوں کو رشتے دار کے حوالے کیا جا سکے۔