سکھ رہنما سکھبیر بادل سنگھ پر ’گولڈن ٹیمپل‘ کے باہر قاتلانہ حملہ، ملزم گرفتار

بھارتی پنجاب کے سابق نائب وزیرِ اعلیٰ سکھبیر بادل سنگھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں وہ محفوظ رہے، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سکھبیر بادل سنگھ پر قاتلانہ حملے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، حملہ آور نے اُس وقت گولی چلائی جب سکھبیر بادل سنگھ امرتسر کے گولڈن ٹیمپل کے باہر موجود تھے۔

اس دوران موقع پر موجود لوگوں نے حملہ آور کو گھیر لیا، بھارتی حکام نے حملے کا الزام تحقیقات کے بغیر ہی آزادی کی جدوجہد کرنے والے خالصتانی گروپ پرعائد کردیا۔

پولیس کے مطابق، 68 سالہ شوٹر نارائن سنگھ کو بھارتی نیوز ایجنسی ’اے این آئی‘ کی ٹی وی فوٹیج میں امرتسر شہر کے ایک مندر کے داخلی دروازے تک جاتے ہوئے دیکھا گیا، فوٹیج میں ملزم کو اپنی جیب سے بندوق نکال کر بادل پر گولی چلاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

تاہم اب تک حملے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی۔