سال 2018 میں ایک وھیل اور اس کے بچے کے دردناک مناظرنے دنیا کو غمزدہ کردیا تھا۔ اس میں ایک وھیل نے اپنے مردہ بچے کی لاش کو 17 روز تک اپنے ساتھ رکھا اوراسے ڈوبنے نہیں دیا۔ تاہم وہی وھیل اب دوبارہ ماں بن چکی ہے۔
اس وھیل کو ’تیہلی کواہ‘ کا نام دیا گیا تھا اوراب امریکی وھیل ریسرچ سینٹر کے مطابق ایک ہفتے قبل اس اورکا وھیل نے ایک بچے کو جنم دیا ہے۔ دو سال قبل یہ وھیل اپنے بچے کی موت پر سوگ و صدمے سے نڈھال تھی۔
یہ وھیل واشنگٹن ریاست اور وینکووا جزیرے کے درمیان واقع آبنائے حوان ڈی فیوکا میں ایک اور وھیل کے ساتھ تیرتی دکھائی دی ہے ۔ بعد میں معلوم ہوا کہ یہ وھیل کا بچہ ہے جسے جے 57 کا نام دیا گیا ہے۔ تحقیقی مرکز کے مطابق اس کا بچہ بظاہر تندرست دکھائی دے رہا ہے۔
2018 میں تیہلی کواہ کی خبر دنیا بھر میں شائع ہوئی تھی جس میں اس نے پیدائش کے فوری بعد مرجانے والے بچے کو اپنے ساتھ دو ہفتے تک رکھا اور اسی حالت میں ایک ہزار میل کا سفر طے کیا تھا۔ ریسرچ سینٹر نے اپنی ایک پریس ریلیز میں کہا ہہے کہ اٹھارہ ماہ کے مدتِ حمل کے بعد اس نے ایک تندرست بچہ وھیل کو جنم دیا ہہے جو اپنی ماں کے ساتھ بہت پر اعتماد طریقے سے تیرتا ہوا دیکھا گیا ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ چار ستمبر کو اس بچے کی پیدائش ہوئی ہے کیونکہ اس کا عمودی ابھار پیدائش کے دو روز بعد سیدھا ہوکر نمایاں ہوجاتا ہے۔ واضح رہے کہ یہ بہت نایاب وھیل ہے اور امریکی پانیوں میں اس کی تعداد 73 کے لگ بھگ ہے۔