پیرس۔ فرانس میں شہری نے ایک مکھی سے جان چھڑانے کے چکر میں اپنے ہی گھر میں دھماکا کر دیا۔
82 سالہ شخص گزشتہ روز اپنے گھر میں رات کا کھانا کھانے بیٹھے تھے کہ جب انہیں ایک مکھی نے پریشان کرنا شروع کیا۔
ان کو اس بات کا دھیان نہیں رہا کہ ان کے گھر کے اندر گیس کا سلنڈر لیک کر رہا تھا اور انہوں نے مکھی کو الیکٹرک ریکٹ سے مارنے کی کوشش شروع کر دی۔
الیکٹرک ریکٹ کے کرنٹ اور لیک ہونے والی گیس کے آپس میں ملنے سے گھر میں دھماکا ہوا جس سے کچن اور چھت کو نقصان ہوا۔
تاہم 82 سالہ شخص حادثے میں بچ گئے۔ ان کا ہاتھ تھوڑا سا جلا اور انہیں چیک اپ کیلئے ہسپتال لے جایا گیا۔
حادثے کے بعد اس گھر میں رہا نہیں جا سکتا لہٰذا مکین کو مقامی کیمپ میں منتقل کر دیا گیا‘ جبکہ ان کے گھر والے گھر کی مرمت کا کام کروا رہے ہیں۔ تاہم یہ بات اب تک واضح نہیں ہوئی کہ اس مکھی کا کیا ہوا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ کسی چھوٹے سے کیڑے کی وجہ سے گھر کو نقصان پہنچا ہو۔
2018ء میں امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک آدمی نے کچھ مکڑیوں کو جلانے کی کوشش کرتے ہوئے اپنے والدین کا گھر جلا دیا تھا
رواں برس ایک آسٹریلوی شخص نے لال بیگ کو جلانے کی کوشش کرتے ہوئے اپنے گھر میں دھماکہ کر دیا تھا۔