جیلی بیلی کمپنی کے سربراہ نے اپنی ریٹائرمنٹ پر ایک انعامی مقابلے کا اعلان کیا ہے جس میں آپ چھپے خزانے ڈھونڈ سکتے ہیں جبکہ سب سے بڑا انعام خود جیلی بیلی کی چلتی ہوئی فیکٹری کی صورت میں ملے گا۔
امریکی کمپنی جیلی بیلی نرم اور مزیدار جیلی بھری ٹافیاں بناتی ہے جو دنیا بھر کے بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہیں۔ اب ڈیوڈ کلائن وہ پورے ملک میں ایک انعامی مقابلہ منعقد کررہے ہیں جس میں کوئی بھی شامل ہوسکتا ہے اور اس کا سب سے بڑا انعام جیلی بیلی کی چلتی ہوئی فیکٹری کی صورت میں ملے گا۔
کمپنی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں ڈیوڈ کلائن نے اور ان کے کاروباری شریک نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکہ کے کئی مقامات پر سونے کے ہار چھپائے ہیں جو ایک طرح سے مقابلے کے ٹکٹ ہیں اور ان سے دلچسپ کہانی بھی وابستہ ہے۔ لیکن اس مقابلے کا سب سے بڑا حصہ یہ ہے کہ جو بھی کم ازکم خزانے کی تلاش کے ایک مقابلے میں شامل ہوگا وہ سب سے بڑا خزانہ جیتنے کا اہل بھی ہوگا جس میں جیلی بیلی ٹافی بنانے کا کارخانہ، اسے چلانے کی تربیت اور اس سے وابستہ جامعہ کی اسکالرشپ بھی ملے گی۔
اس خزانے کی تلاش کا ٹکٹ صرف 49۔99 ڈالر کا ہے جس میں بڑے خزانے کا کوئی نہ کوئی واضح اشارہ موجود ہوگا۔ چھوٹے خزانے کی قدر پانچ ہزار ڈالر تک ہوسکتی ہے اور ہر مقابلے میں صرف 1000 افراد کو ہی ٹکٹ فروخت کیا جائے گا۔