نئی دہلی : بھارت میں کنویں میں گرنے والے گائے کے بچے کو بچاتے ہوئے 5 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنو کے علاقے گونڈا کے قریب کو توالی میں پانچ افراد اس وقت اپنی زندگیاں ہار گئے جب وہ ایک گائے کے بچے کی زندگی بچانے کی کوشش کررہے تھے۔
مرنے والے پانچوں افراد نے کنویں میں گرنے والے بچھڑے کو بچانے کےلیے کنویں میں چھلانگ لگائی تھی جو کنویں میں موجود زہریلی گیس کے باعث دم توڑ گئے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گائے کا بچہ مرنے والے 5 افراد میں سے کسی کا بھی نہیں تھا البتہ مرنے والے پانچ میں سے 4 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گائے کے بچے کو بچالیا گیا لیکن بچھڑے کو بچانے کےلیے کنویں میں چھلانگ لگانے والے پانچوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریاستی وزیراعلیٰ یوگی ادیتیاناتھ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے فی کس دو لاکھ امداد کا اعلان کیا۔