ایتھنز۔ یونان میں مہاجرین کے سب سے بڑے کیمپ میں آگ لگ گئی جس کے باعث ہزاروں مہاجرین بے گھر ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جزیرہ لیس باس میں کنٹینرز سے مہاجرین کیمپ میں آتشزدگی کی وجہ سے کیمپ مکمل تباہ ہو گیا، کیمپ کے انتظامی دفاتر اور خوراک کے زخائر بھی تباہ ہوگئے۔
آگ پر پر قابو پانے کے لیے آگ بجھانے والے عملے کو کافی محنت کرنی پڑی۔ عملے میں شامل بعض افراد کا کہنا تھا کہ آگ بجھانے کے دوران کیمپ میں مقیم بعض افراد سے انہیں مزاحت کا سامنا کرنا پڑا۔
یونان میں حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے اسباب کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
مقامی میڈیا کی خبروں کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے حکام کی جانب سے جو پابندیاں اس ہفتے عائد کی گئی تھیں اس کے خلاف بطور احتجاج دانستہ طور کیمپ میں یہ آگ لگائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ رواں ہفتے ٹیسٹ کے دوران موریا کیمپ میں مقیم ایک صومالی مہاجر کو کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا تھا جس کے بعد حکام نے کووڈ 19 کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن جیسی سخت بندشیں عائد کر دی تھیں۔