84 سالہ دادی کے 9 لاکھ سے زائد ”پوتے و نواسے“

 

پشاور۔آج کل کی دنیا میں اگر ایک خاتون کے 50 یا اس سے زائد نواسوں اور پوتوں کی تعداد سامنے آئے تو حیرانی کی بات نہیں‘ تاہم دنیا میں ایک ایسی خاتون بھی موجود ہیں جن کے 50 یا 100 نہیں بلکہ 9 لاکھ 11 ہزار پوتے اور نواسے ہیں۔

 امریکی معمر خاتون گیمر شرلی کری نے ویڈیو گیمز کھیل کر اتنی بڑی تعداد میں اپنے پوتے اور نواسے بنائے۔

 گیمر دادی ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر 9 لاکھ 11 ہزار سے زائد سبسکرائبر رکھتی ہیں اور وہ انہیں اپنے ”پوتے و نواسے“ کہتی ہیں۔

 اگر آپ یوٹیوب پر ہی نظر دوڑائیں تو آپ کو دیگر خواتین کے اس سے بھی زیادہ سبسکرائبر دکھائی دیں گے‘ تاہم 84 سالہ شرلی کری نے یہ سبسکرائبر اپنے گیمنگ فن سے بنائے۔

 امریکی ریاست اوہائیوں میں مقیم شرلی کری اپنے دن کا آغاز کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر کرتی ہیں‘ کیمرے کے ذریعے وہ یوٹیوب پر نمودار ہوتی ہیں اور اپنے ان 9 لاکھ سے زائد پوتوں اور نواسوں کی گیمنگ میں رہنمائی کرتی ہیں۔ 

مذکورہ خاتون 1990ء میں اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد سے مختلف گیمز کھیلتی آرہی ہیں جن میں ایکشن گیم اسکائرم بھی شامل ہے۔

 شرلی کری نے یہ گیم کھیلتے ہوئے اپنی پہلی ویڈیو 2015ء میں یوٹیوب پر اپ لوڈ کی‘ جس کے بعد انھوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ 

معمر خاتون کے یوٹیوب پر 9 لاکھ 11 ہزار سے زائد سبسکرائبر تو ہیں ہی ساتھ ہی 76 ہزار سے زائد ٹوئٹر جبکہ 7 ہزار سے زائد انسٹاگرام فالوورز بھی ہیں۔

 شرلی کری نے ہزاروں گھنٹے گیمنگ میں گزار دیئے اور اس وقت دنیا میں کئی گیمرز سے زیادہ تجربہ کار گیمر بھی ہیں۔