راولپنڈی: سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بورڈ میں اہم عہدے کے لیے رابطہ کرنے کی تصدیق کردی۔
تفصیلات کے مطابق لیجنڈری فاسٹ بولر شعیب اختر نے تصدیق کی ہے کہ پی سی بی نے ایک اہم کردار کے لیے ان سے رجوع کیا ہے، امکان ہے کہ وہ چیف سلیکٹر کا عہدہ ہوگا۔
شعیب اختر نے بتایا کہ پی سی بی کے ساتھ بات چیت جاری ہے کیونکہ وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر موقع دیا گیا تو وہ جارحانہ ذہنیت کے حامل کھلاڑیوں کو آگے لائیں گے، شعیب کا مزید کہنا تھا کہ میں نئی نسل کے کھلاڑیوں کو آگے لانے میں کردار ادا کرنا چاہتا ہوں جو جارحانہ ذہنیت کے ساتھ اور ناکامی کے خوف کے بغیر کھیلتا ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح دہری ذمہ داری قبول کرنے کے بعد سے تنقید کی زد میں ہیں اور ان کے دور میں ٹیم کی کارکردگی بھی تسلی بخش نہیں ہے جس کی وجہ سے مصباح پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔