چیف سلیکٹر کا عہدہ؛ بورڈ سے بات چیت جاری ہے، شعیب اختر


 شعیب اختر نے دعویٰ کیا ہے کہ چیف سلیکٹر کی پوسٹ کیلیے پی سی بی سے بات چیت جاری ہے۔

یوٹیوب چینل ’’کرکٹ باز‘‘کو انٹرویو میں چیف سلیکٹر بنائے جانے کے سوال پر شعیب اختر نے کہاکہ میں اس کی تردید نہیں کروں گا، میری بورڈ کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے۔ اس سے زیادہ کچھ نہیں بتا سکتا تاہم ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

انھوں نے کہاکہ  میں ایک آرام دہ زندگی گزار رہا ہوں،کرکٹ بھی اپنی شرائط پر کھیلی،میں پاکستان کیلیے جارح مزاج اور بے خوف انداز میں کھیلنے والے کرکٹرز کا پول تیار کرنا چاہتا ہوں، اس کیلیے آرام چھوڑ کر آگ سے کھیلنے کیلیے تیار ہوں،مجھے پیسے یا نوکری کی لالچ نہیں،اس کام میں کسی کی طرف سے تجویز آئی تو سنوں گا، مطلوبہ نتائج کیلیے اپنی ذمہ داری کو وقت بھی دوں گا۔
سابق اسپیڈ اسٹار نے اپنے پلان سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ 15کرکٹرز تیار کروں جنھیں برانڈ اور اسٹار کہا جا سکے۔ ان کا مائنڈ سیٹ جاوید میانداد، وسیم اکرم اور مشتاق احمد جیسا ہو، جو خود کو محفوظ خیال کریں اور اپنی کارکردگی سے پاکستان کو میچز جتوائیں،مصباح الحق کو بھی میرا مشورہ ہے کہ اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کریں،ٹیم میں مزید 2یا 3حیدر علی جیسے بیٹسمینوں کو کھیلنے کا موقع فراہم کریں۔

دوسری جانب شعیب اختر سے چیف سلیکٹر کی پوسٹ کیلیے بات چیت کے بارے میں سوال پر پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی پیش رفت میرے علم میں نہیں ہے۔