کامیابی کا راستہ

اپنے اور اپنے اہل وعیال کےلئے کامیاب اور خوشحال زندگی کی خواہش اور کوشش کون نہیں کرتا۔ کون ہے جو اچھی ملازمت، عزت، شہرت، دولت، آرام، خوشی اور سکون سے بھرپور زندگی کے خواب نہیں دیکھتا۔ مگر یہ بھی حقیقت ہے تھوڑے افراد ہی ایسی زندگی حاصل کرپاتے ہیں جب کہ دیگر محروم رہ جاتے ہیں‘بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں سماجی مرتبہ علم اور اخلاق کے بجائے دولت کی بنیاد پر متعین کیا جاتا ہے۔ مقابلہ کے امتحان میں بیٹھنے والے زیادہ مگر مناصب کم ہوتے ہیں۔ مقابلہ سخت ہے۔ کامیاب وہی ہوسکتے ہیں جو وقت، وسائل اور صلاحیتوں کا بہترین استعمال یقینی بنائیں۔دوست اکثر مجھ سے پوچھا کرتے ہیں کہ وہ کون سے اصول اور طریقے ہیں جو ناکامی سے بچاتے اور کامیابی دلواتے ہیں۔

 

میں انہیں کہتا ہوں اگر آپ واقعی کامیابی اور خوشحالی کے خواہش مند ہیں تو ان باتوں پر عمل کریں، آپ کو منزل مل جائے گی۔ اپنی زندگی پر نظر دوڑائیں اور اپنا محاسبہ کریں۔نقصان دہ اور مفید چیزوں، لوگوں اور سرگرمیوں کی فہرستیں بنالیں۔کون سی چیزیں، لوگ اور سرگرمیاں ہیں جن کی وجہ سے ابھی تک آپ ناکام رہے ہیں۔ ان سب سے کنارہ کش ہو جائیں۔ جب کہ جو لوگ اور سرگرمیاں اب تک آپ کےلئے کچھ حد تک مفید اور کارآمد ثابت ہوئی ہیں ان کا ساتھ نہ چھوڑیں۔ مقاصد اور ان کے حصول کےلئے مدت اور طریقہ کار کا تعین نہ ہو تو وقت، وسائل اور صلاحیتیں ضائع ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔آپ کیا بننا چاہتے ہیں اور کس طرح اور کتنی مدت میں، اس کا جلد فیصلہ کرلیں اورقلیل مدتی، وسط مدتی اورطویل مدتی مقاصد متعین کرلیں۔

 

آپکے مقاصد اونچے مگر دستیاب وسائل، صلاحیت اور وقت کے لحاظ سے حقیقت پسندانہ ہوں۔ان مقاصد اور ان کے حصول کا دورانیہ اور لائحہ عمل اپنی ڈائری میں لکھ لیں۔ وعدہ کریں کہ ان مقاصد کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ہو سکے تو یہ سب کسی چارٹ پر لکھوالیں تاکہ آپ بار بار انہیں دیکھتے رہیں اور آپ کو اپنے وعدے یاد رہیں۔ اپنی روزمرہ سرگرمیوں کو ڈائری میں لکھتے رہیں اورمسلسل اپنا جائزہ لیتے رہیں کہ مقاصد کی طرف آپ کی پیش رفت جاری ہے یا نہیں۔مقاصد اور لائحہ عمل کے تعین میں اساتذہ، والدین اور ماہرین سے مشورہ کرلیں لیکن اس کےلئے قنوطیت پسند نہیں بلکہ رجائیت پسند افراد سے رجوع کریں۔ یاد رکھیں زندگی آپ کی ہے۔ اسے آپ دوسروں کی پسند و ناپسند کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔

 

اپنے فیصلے خود کریں بس جہاں رہنمائی درکار ہو، وہاں ہی دوسروں کی مدد لیں۔ جب مقاصد، ان کے حصول کی مدت اور طریقے چن لیں تو اب ان کے حصول کے لیے محنت شروع کردیں۔ سخت محنت کو شعار بنائیں۔ خود بہترین انداز میں کام کریں، دوسروں کے سہارے کی تلاش اور انتظار میں نہ رہیں۔ کاہلی، آرام طلبی اورکام کو ملتوی کرنے سے اجتناب کریں اور کسی دوسرے کو بھی اجازت نہ دیں کہ آپ کو اپنے مقاصد سے بدظن اور ان کے حصول سے مایوس کریں یہ افراد انرجی ویمپائر یا توانائی کی بلائیں ہیں، ان سے دور رہیں۔ کبھی نہ بھولیں کہ آج اگر آپ اپنی من پسند اور توجہ ہٹانے والی چیزوں مثلاً زیادہ نیند، دوستوں کی محفلیں، موبائل اور کمپیوٹر کا استعمال، فلمیں دیکھنا اور کھیل کود میں ہمیشہ مگن رہنے وغیرہ، کی قربانی نہیں دیں گے تو آپ یکسوئی کے ساتھ کماحقہ محنت کر سکیں گے اور نہ کامیابی حاصل کر پائیں گے۔

 

اس لیے ان چیزوں سے بچیں۔ اس کے برعکس اپنے مقاصد میں مددگار چیزوں، سرگرمیوں اور لوگوں کو زیادہ وقت دینا شروع کریں۔۔ یاد رکھیں کہ اگر کوئی رول ماڈل سامنے ہو تو بندے کو محنت کے لیے جوش و جذبہ اور ترغیب ملتے رہتے ہیں۔ اس لیے محنتی، قابل اور کامیاب لوگوں کی سوانح پڑھیں۔ان سے کامیابی کے اصول اور طریقے سیکھیں اور ان پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔۔ محبت، خلوص، قربانی اور سہولت کا نمونہ بن جائیں۔ آپ کی ذات دوسروں کے لیے خیر، خوشی اور سکون کا باعث ہو۔ کسی کے لیے تکلیف، دکھ اور پریشانی کا ذریعہ بالکل نہ بنیں۔ ہر ممکن حد تک دوسروں کی مدد اور خدمت کریں۔ کتاب کو معشوق بنالیں یہ دنیا کی واحد معشوق ہے جو اپنے عاشق کو کبھی خوار نہیں ہونے دیتی بلکہ کامیابی، ترقی، عزت اور خوشحالی سے ہمکنار کرواتی ہے‘اسلئے پابندی سے مطالعہ کو معمول بنالیں۔ آہستہ آہستہ اس کی مقدار بڑھاتے جائیں‘ اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔

 

ورزش کو معمول بنالیں۔ متوازن خوراک اور مناسب آرام پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں۔ ہرقسم کے نشہ اور لت سے، خواہ وہ منشیات کا ہو یا محفلوں کا یا سوشل میڈیا کے استعمال کا، خود کو بچا کر رکھیں۔ ٹینشن دینے والی چیزوں اور لوگوں سے خود کو دور رکھیں تاکہ آپ کی جسمانی اورذہنی صلاحتیں لایعنی چیزوں میں ضائع نہ ہونے پائیں۔ اگردعائیں ساتھ ہوں تو بڑی بڑی رکاوٹیں ختم ہو جاتی ہیں اور کامیابی کے راستے کھل جاتے ہیں۔ چرند و پرند کی ضرورتوں کا خیال رکھیں والدین‘ بزرگوں‘ بیوا ﺅں‘ بچوں، محتاجوں سب کی دعائیں لیا کریں۔ اپنے مقاصد اور ان کے حصول کے ذرائع سے دیوانہ وار عشق کریں۔ اس خلوص اور عشق کے بغیر کامیابی مشکل سے ملتی ہے۔ مکمل یقین رکھیں کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ اگر آپ نے کماحقہ جدوجہد کرلی تو کامیابی آپ کے قدم چوم کر رہے گی اور کوئی آپ کے اور آپ کے مقصد کے درمیان حائل ہوسکتا ہے اور نہ کوئی سفارش، رشوت اور اقرباءپروری والاآپ سے جیت سکتا ہے۔ ہمت مرداں مددِ خدا