کنشاسا۔افریقی ملک کانگو میں سونے کی کان بیٹھنے سے 50 مزدور ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی نے ایک این جی او کے حوالے سے بتایا کہ کانگو کے مشرقی علاقے کمیٹنگا میں شدید بارش کے باعث سونے کی کان بیٹھ گئی۔
رپورٹ کے مطابق جس وقت سونے کی کان بیٹھنے کا حادثہ پیش آیا تو زیادہ تر مزدور شافٹ میں تھے جو باہر نہ نکل سکے۔
مقامی این جی او کے مطابق حادثے میں کم از کم 50 مزدور ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونے کی کان بیٹھنے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو باہر نکالنے کا کام جاری ہے۔
خیال رہے کہ کانگو میں کانیں بیٹھنے کے حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں اور گزشتہ برس اکتوبر میں بھی ایک سونے کی کان بیٹھنے سے 16 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ جون 2019 میں بھی کوپر اور کوبالٹ کی کان بیٹھنے کے باعث 43 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔