ایشین پاور لفٹنگ‘پاکستان کی 4 بہنوں نے میڈلز جیت کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

دبئی دبئی میں شیڈول ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں چاروں بہنوں نے میڈلز جیت کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا‘چار مسیحی بہنوں کی حوصلہ افزائی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا گیا۔

پاکستان پاور لفٹنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل راشد ملک کی طرف سے خط میں لکھا گیا ہے کہ چار حقیقی بہنوں ٹوینکل، سائبل، ویرونیکا اور مریم نے 18 تا 24 ستمبر 2018ء دبئی میں شیڈول ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں شرکت کی اور سب نے میڈلز جیت کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

ٹوئنکل سہیل نے نہ صرف ایشیائی چیمپئن شپ کے دوران گولڈ میڈل جیتا بلکہ ایشیائی ایونٹ میں طلائی تمغے جیتنے کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔

 ٹوئنکل سہیل پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون پاور لفٹر تھیں جنہوں نے 2015ء میں اومان میں شیڈول ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کے دوران شرکت کی اور اپنے پہلے ہی انٹرنیشنل ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے میں بھی کامیاب رہی۔

خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ 2 سال کی انکوائری کے بعد ایشین پاور لفٹنگ فیڈریشن نے یہ تسلیم کیا ہے کہ چار بہنوں کا ایک ہی ایونٹ میں شرکت کرنا اور میڈلز جیتنا ایک عالمی ریکارڈ ہے۔