سرگودھا میں بھائی نے پسند کی 6شادیاں کرنیوالے بہن کوغیرت کے نام پر قتل کردیا 


 
 سرگودھا۔ سرگودھا میں پسند کی 6 شادیاں کرنے والی بہن کو 22 سالہ بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کرکے اسے گھر کے کمرے میں ہی دفن کر دیا۔چھٹے شوہر نے بیوی کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تو دورانِ تفتیش قتل کا انکشاف ہوا۔

سرگودھا کے گاوں 17 جنوبی ٹانگوں والی کی رہائشی 30 سالہ نگہت پروین کے اغوا کا 17 اگست 2020 کو تھانہ صدر میں اس کے چھٹے شوہر وسیم امجد نے مقدمہ درج کروایا۔

مقدمے کے اندراج کے بعد پولیس نے نگہت پروین کی تلاش شروع کی تو اس کے موبائل کی آخری کال کی لوکیشن والدین کے گھر پہنچ کر ختم ہو گئی۔

پولیس کے رابطہ کرنے پر اہلِ خانہ نے بتایا تھا کہ نگہت دوستوں کے ساتھ اسلام آباد گئی ہوئی ہے۔

پولیس نے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے تفتیش کو آگے بڑھایا اور نگہت پروین کے 22 سالہ بھائی عبداللہ ہاشم سے تفتیش شروع کی تو وہ انکشافات کرتا ہی چلا گیا۔

بھائی نے بتایا کہ بہن گزشتہ 8سال سے بدنامی کا باعث بنی ہوئی تھی، گاؤں کے لوگ بھی بہن کے کردار کی وجہ سے ہمیں اچھا نہیں سمجھتے تھے، جب وہ چھٹی شادی کر کے گھر آئی تو میں نے کمرے میں بند کر کے فائرنگ سے قتل کیا اور کمرے میں ہی دفن کر دیا۔

پولیس نے مقتولہ کے بھائی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے آلہ قتل برآمد کر لیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کا چالان جلد مرتب کر کے عدالت کو بھجوا دیا جائے گا۔