دی راک نے گھر کا بھاری بھرکم سکیورٹی گیٹ اکھاڑ کر پھینک دیا

معروف امریکی ریسلر اور ہالی ووڈ اداکار ڈوائن دی راک جانسن نے اپنے گھر کا بھاری بھرکم سیکیورٹی گیٹ اکھاڑ کر پھینک دیا، دی راک کے مطابق دروازہ جام ہوچکا تھا اور انہیں سیٹ پر پہنچنے کے لیے دیر ہورہی تھی۔

دی راک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ٹوٹے ہوئے دروازے کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ انسان کو کام پر بھی تو جانا ہوتا ہے۔

اپنی طویل پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ طوفان کی وجہ سے گھر میں بجلی فراہمی میں تعطل کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے گھر کا سیکیورٹی گیٹ کام نہیں کر رہا تھا۔

ان کے مطابق دروازے کا ہائیڈرولک سسٹم بھی کام نہیں کر رہا تھا، ایسے میں انہوں نے ٹیک ٹیم کو کالز کیں لیکن وہ ان کے آنے تک 45 منٹ انتظار نہیں کرسکتے تھے۔

دی راک نے لکھا کہ سیٹ پر سینکڑوں کریو ممبرز میرا انتظار کرر ہے تھے کہ میں پہنچوں تو کام شروع ہو، لہٰذا میں نے وہی کیا جو مجھے کرنا چاہیئے تھا۔

انہوں نے دروازے کو دھکے دیے اور اکھاڑ کر اینٹوں کی دیوار پر دے مارا، جس سے دروازے کے اسٹیل ہائیڈرولکس بھی الگ ہوگئے۔

دی راک کا کہنا تھا کہ ایک گھنٹے بعد میری سیکیورٹی ٹیم، ٹیکنیشن اور ویلڈر اس کو ٹھیک کر دیں گے لیکن وہ ابھی تک غیر یقینی کی کیفیت میں ہیں اور خوفزدہ بھی ہیں۔

دی راک کی پوسٹ پر فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اور دیگر افراد نے مختلف تبصرے کیے، ہالی ووڈ اداکار رائن رینلڈز نے لکھا کہ دروازہ دوسری طرف سے کھلتا ہے۔

اکثر افراد نے دی راک کے کام سے لگن اور خلوص کے جذبے کی تعریف بھی کی۔