سشانت خودکشی سے جڑے منشیات کیس میں دپیکا سے بھی تفتیش کا امکان

ممبئی: بھارت کے نیشنل نارکوٹکس بیورو نے امکان طاہر کیا ہے کہ سشانت خودکشی سے جڑے بالی ووڈ منشیات کیس میں جن اداکاراؤں سے تفتیش کا امکان ہے اُن میں دپیکا پڈوکان بھی شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت خودکشی کیس کی تفتیش کے دوران بالی ووڈ میں منشیات کے دھندے اور چند ستاروں کی جانب سے باقاعدہ ’’ڈرگ پارٹیز‘‘ منعقد کرانے کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد دائرہ تفتیش کو وسیع کیا گیا۔

بھارت میں انسداد منشیات کے لیے کام کرنے والے ادارے نیشنل نارکوٹکس بیورو نے سب سے پہلے سشانت کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کو منشیات خریدنے کے لیے ڈیلر سے رابطے کرنے کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔

ریا چکروتی کے گرفتاری سے پہلے سے ان کے بھائی کو بھی منشیات کیس میں حراست میں لیا جا چکا ہے۔ نیشنل نارکوٹکس بیورو نے یہ کارروائی اداکارہ ریا چکروتی کے واٹس ایپ چیٹس پکڑے جانے کے بعد شروع کی تھی۔

حال ہی میں ہونے والی پیشرفت میں اداکارہ سارہ خان اور شردھا کپور کو سمن بھیجنے کے علاوہ پہلے بالی ووڈ میں سب سے پہلے منشیات کے استعمال اور ڈرگ مافیا کے عمل دخل کا انکشاف کرنے والی کنگنا رناوت کو بھی سمن جاری کرنے کا ارادہ ہے۔

نیشنل نارکوٹکس بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر ملہوترا نے میڈیا سے گفتگو میں امکان ظاہر کیا کہ ایک اور چیٹ میں منشیات کا تذکرہ آیا ہے جس میں اداکارہ دپیکا پڈوکون کی منیجر کرشمہ کا نام اور ایک حرف ’’ڈی‘‘ بھی موجود ہے جو ممکنہ طور پر دپیکا ہوسکتی ہیں۔

نیشنل نارکوٹکس بیورو نے بتایا کہ دپیکا کی منیجر کرشمہ پرکاش کو سمن بھیج دیا گیا ہے اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ منیجر سے تفتیش کے بعد دپیکا پڈوکان کو بھی شامل تفتیش کرنی ضرورت پیش آئے۔