منشیات کے استعمال سے متعلق تفتیش میں بھارت کی 4 اداکارائیں طلب

بھارت کی انسداد منشیات فورس نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے متعلق تحقیقات میں گرفتار کی جانے والی اداکارہ ریا چکربورتی کے انکشافات اور اعتراف کے بعد متعدد بولی وڈ شخصیات سے منشیات کے استعمال کی تفتیش کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اور اب این سی بی نے بھارتی اداکاراؤں دپیکا پڈوکون، سارہ علی خان، شردھا کپور اور راکول پریت سنگھ کو تفتیش کے لیے طلب کرلیا۔

ٹائمز ناؤ کی رپورٹ کے مطابق این بی سی نے فیشن ڈیزائنر سیمون کھمباٹا کو بھی اسی سلسلے میں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دپیکا پڈوکون 25 ستمبر کو این بی سی میں پیش ہوں گی جبکہ راکول پریت کو اور سیمون کھمباٹا کو 24 ستمبر طلب کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں شردھا کپور اور سارہ خان کو 26 ستمبر کو ممبئی میں واقع این بی سی کے ہیڈ آفس میں طلب کیا گیا ہے۔

سیمون کھمباٹا آج این سی بی میں پیش ہوئے تھے لیکن راکول پریت سنگھ کی ٹیم نے دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ کو این سی بی کی جانب سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔

پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق اے این اے بتایا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیدار نے تصدیق کی کہ راکول پریت سنگھ کو سمن جاری کردیے گئے ہیں اور ان کے حالیہ پتے پر بھیجے گئے ہیں۔

بعدازاں راکول پریت سنگھ نے نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کی تھی اور وہ 25 ستمبر کو این سی بی میں پیش ہوں گی۔

علاوہ ازیں ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا کہ دپیکا پڈوکون گوا میں اپنی آنے والی فلم شکون بترا کی شوٹنگ کے لیے موجود تھیں اور آج دوپہر ڈیڑھ بجے پرائیویٹ چارٹر کے ذریعے ان کے ممبئی روانہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

دوسری جانب بولی وڈ اداکارہ اور چھوٹے نواب سیف علی خان کی بیٹیسارہ علی خان بھی نوٹس موصول ہونے کے بعد گوا سے ممبئی کے لیے روانہ ہوگئی ہیں۔

اب تک این بی سی نے اس کیس میں ریا چکر بورتی، ان کے بھائی شووک، سشانت کے ہاؤس منیجر سیمیول میراندا، ذاتی عملے میں شامل دپیش ساونت اور دیگر کو گرفتار کیا ہے۔

سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے منسلک منشیات کی تفتیش میں این سی بی نے قبل ازیں دپیکا پڈوکون کی منیجر کرشمہ پرکاش اور کوان ٹیلنٹ منیجمنٹ ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) دھرو چتگوپیکر کو بھی طلب کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق این سی بی نے ان اداکاراؤں کی کچھ واٹس ایپ چیٹ حاصل کرنے کے بعد سمن جاری کیے جن میں منشیات سے متعلق بات چیت کا اشارہ ملا تھا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ دپیکا پڈوکون کی منیجر کرشمہ پرکاش کے فون سے بھی کچھ واٹس ایپ میسیجز حاصل کیے گئے تھے جن میں ممنوعہ منشیات سے متعلق 'ڈی' اور 'کے' کے درمیان بات چیت کا انکشاف ہوا تھا۔

این سی بی نے دپیکا پڈوکون کی مبینہ چیٹس ریکور کرنے کے بعد ان کا نام تفتیش میں شامل کیا جس میں وہ اپنی منیجر کرشمہ پرکاش سے حشیش لانے کا کہہ رہی تھیں۔

بولی وڈ کے صف اول کے نام اس وقت سامنے آئے جب این سی بی کی جانب سے سشانت سنگھ کی ٹیلنٹ منیجر جیا سہا سے تفتیش کی گئی تھی۔

این سی بی عہدیدار کے مطابق بولی وڈ میں منشیات کے استعمال سے متعلق مبینہ کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ان سے تفتیش کی تھی۔

اس کے ساتھ ہی این سی بی نے ریا چکربورتی کے ساتھ جیا سہا کی چیٹس میں سی بی ڈی آئل (کینابڈیول) سے متعلق بات چیت کی گئی تھی۔

جس کے بعد جیا سہا اور اداکارہ شردھا کپور کے درمیان بھی سی بی ڈی آئل سے متعلق چیٹ ریکور کی گئی تھی۔