کورلش عثمان کے سیزن 2 کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے ساتھ ایک نیا ٹریلر بھی جاری کیا گیا ہے۔
پہلے خیال کیا جارہا تھا کہ یہ ڈراما اکتوبر کے آخر یا نومبر کے آغاز میں نشر ہونا شروع ہوگا مگر یہ توقع سے پہلے ہی ناظرین تک پہنچ رہا ہے۔
کورلش عثمان کے آفیشل فیس بک پیج پر بتایا گیا کہ کورلش عثمان کے سیزن 2 کی پہلی قسط بدھ 7 اکتوبر کو ترکی کے وقت کے مطابق رات 8 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے) نشر ہوگی۔
ترکی کے اے ٹی وی پر اس کی پہلی قسط نشر کی جائے گی۔
یہ کورلش عثمان کی 28 ویں قسط ہوگی جس میں چند نئے کرداروں کا اضافہ بھی ہونے والا ہے جبکہ ارطغرل غازی کی بھی واپسی ہورہی ہے۔
مگر اس بار انجین التان دوزیتان کی جگہ تامیر یاگت ارطغرل غازی کے روپ میں نظر آئیں گے۔
ایسا عندیہ گزشتہ ہفتے پہلی قسط کے ٹریلر میں دیا گیا تھا۔
عثمان کے روپ میں اداکار براق اوزچیویت ایک بار اس کردار کو ادا کرنے کے لیے واپس لوٹ رہے ہیں۔
ارطغرل کے کرداروں میں سے صرف بامسی اور عبدالرحمٰن کورلش عثمان کے سیزن 1 میں نظر آئے تھے، جن کے بارے میں امید ہے کہ وہ سیزن 2 میں بھی جلوہ گر ہوں گے، تاہم ٹریلرز میں ان کی جھلک نظر نہیں آئی۔
ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ اس بار ولن کا کردار Erkan Avcı ادا کررہے ہیں تاہم اس بارے میں یقین سے کھ کہنا مشکل ہے۔
ایک اور ترک لیجنڈ اداکار جنید آرکین اس ڈرامے کا حصہ بن رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کورلش عثمان سیزن ون میں ارطغرل غازی کے بیٹے عثمان کی جوانی کی جدوجہد کو دکھایا گیا تھا جو منگولوں اور کلوچسائیار قلعے میں موجود دشمنوں کے خلاف تھی۔
پہلے سیزن کا اختتام جون کے آخر میں ہوا اور جس موڑ پر اسے ختم کیا گیا، اس نے لوگوں کے اندر دوسرے سیزن کے اشتیاق کو بڑھا دیا تھا اور جب سے وہ اس کا انتظار کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ کورلش عثمان کی شوٹنگ کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رہی اور محمد بوزداغ کا کہنا تھا کہ کورلش عثمان مزید 5 سے 6 سال تک جاری رہے گا اور یقیناً اپنے عہد کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک ہوگا۔