بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) نے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو اپنی حتمی رپورٹ جمع کرادی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی موت خودکشی تھی قتل نہیں۔
رپورٹ کے مطابق سشانت سنگھ کا پوسٹ مارٹم کرنے والی میڈیکل ٹیم نے اداکار کو زہر دیے جانے اور گلا گھونٹے جانے کے امکانات کو مکمل طور پر رد کردیا ہے جیسا کہ سشانت کے گھر والوں اور وکیل کی جانب سے کہا جارہا تھا۔
میڈیکل ٹیم نے اب اس معاملے کی جانچ مکمل کرلی ہے اور حتمی میڈیکل رپورٹ سی بی آئی کو دے دی ہے جبکہ سی بی آئی اس رپورٹ کی روشنی میں اپنی تحقیقات کو مزید آگے بڑھائے گی۔
رپورٹس کے مطابق ممکن ہے کہ اب سی بی آئی قتل کے بجائے اپنی تحقیقات کا محور اس پہلو کو بنائیں کہ سشانت کی خودکشی کی وجہ کیا بنی۔
میڈیکل ٹیم نے بھی سشانت کی موت کی وجہ وہی بتائی ہے جو کہ ممبئی کے اسپتال نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتائی تھی یعنی پھندا لگنے سے دم گھٹنا۔
سی بی آئی کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ خودکشی کا معاملہ ہے تاہم اگر قتل کے کوئی ٹھوس شواہد سامنے آئے تو کیس میں دفعہ 302 کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے البتہ 45 روز کے دوران ایسے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے جن کی بنیاد پر اسے قتل کہا جاسکے۔
خیال رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کو ممبئ میں موجود اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے تھے اور پولیس نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں اسے خودکشی قرار دیا تھا تاہم اداکار کی فیملی نے اسے قتل قرار دیا تھا اور اداکارہ ریا چکرورتی پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے سشانت کو استعمال کیا اور ایسے حالات پیدا کردیے کہ وہ موت کے منہ میں چلا گیا۔