ممبئی: : بھارتی اداکارہ وزن کم کرنے کے چکر میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی اداکارہ مشتی مکھرجی گزشتہ کئی ماہ سے وزن کم کرنے کے لیے کھانے پینے میں احتیاط (ڈائیٹنگ) کررہی تھیں جس کی وجہ سے اْن کے گردے فیل ہوئے۔
ستائیس سالہ ادکارہ کو ایک روز طبیعت ناساز ہونے کے بعد بنگلور کے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج چل بسیں۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ پانی کا کم استعمال اور کھانے میں غفلت کی وجہ سے اداکارہ کے گردے فیل ہوئے جو اْن کی موت کی وجہ بنے۔
ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ کیٹو ڈائٹ کے چکر میں اداکارہ کئی ماہ سے صرف پروٹین والی خوراک کا استعمال کررہی تھیں جبکہ انہوں نے کاربوہائیڈریٹ والی غذا کا استعمال چھوڑ دیا تھا، انسانی جسم کے اعضاء کی حرکت کے لیے کاربوہائیڈریٹ والی غذا کا استعمال ضروری ہوتا ہے۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ ’کیٹو ڈائٹنگ کے دوران ابتدائی ایام میں مٹاپا خاصہ کم ہوجاتا ہے مگر اس کے جسم پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ بال، ناخن اور جلد کاربورہائیڈریٹ کی کمی کی وجہ سے بری طرح سے متاثر ہوتی ہے جبکہ گردوں پر بھی براہ راست اثر پڑتا ہے۔
اہل خانہ کے مطابق مشتی کو کئی بار کمزوری کی شکایت بھی ہوئی تھی جس پر انہیں صحت بخش غذا کے استعمال کا مشورہ دیا تھا مگر وزن کم کرنے کے چکر میں انہوں نے کسی کی بھی بات نہیں سْنی اور کم عمری میں چل بسیں۔
اہل خانہ نے یہ بھی بتایا کہ ویسے اداکارہ کسی بھی بیماری میں مبتلا نہیں تھیں، بس انہیں گزشتہ کئی روز سے کمزوری تھی جس کی وجہ سے چکر بھی آرہے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مشتی مکھر جی تیلگو اور بنگالی فلموں کے علاوہ بالی ووڈ کی چند فلموں میں کام کرچکی تھیں انہوں نے 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’لائف کی تو لگ گئی‘ سے ڈیبیو کیا تھا۔