بالی وڈ اداکارہ تمنا بھاٹیا میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد سے وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ تمنا بھاٹیا ویب سیریز کی شوٹنگ کیلئے بھارتی شہر حیدر آباد میں تھیں جہاں ان میں وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ علامات ظاہر ہونے پر اداکارہ نے ٹیسٹ کرایا جو کہ مثبت آیا ہے اور انہیں حیدرآباد کے ہی مقامی اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔
اس سے قبل اگست میں بھی اداکارہ کے والدین میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی تاہم ان کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا تھا۔
خیال رہے کہ تمنا بھاٹیا تامل فلم انڈسٹری کی صف اول کی اداکارہ ہیں اور بالی وڈ میں بھی قسمت آزمائی کرچکی ہیں جب کہ انہوں نے مشہور فلم ’باہو بلی‘ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
وہ ان دنوں نواز الدین صدیقی کے ساتھ فلم ’بول چوڑیاں‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف تھیں۔