سوگت: نامور پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے ترک ڈرامہ سیریل کے مشہور کردار ’ارطغرل غازی‘ کے مزار پر حاضری دی۔
پاکستان میں آج کل ترک ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ کے خوب چرچے ہیں، اسلامی تاریخ پر مبنی اس ڈرامے کے ہر کردار کو پاکستان میں خوب پذیرائی حاصل ہوئی ہے، یہی نہیں قومی اداکار بھی ترک اداکاروں کے مداحوں میں شامل ہیں تاہم یاسر حسین سمیت شوبز سے وابستہ چند شخصیات ترک اداکاروں کو ملنے والی شہرت سے خوش نہیں اور وہ آئے دن انہیں تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔
ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ سمیت متعدد کامیاب ڈرامے اور فلمیں کرنے والے پاکستان کے نامور اداکار عدنان صدیقی آج کل ترکی میں موجود ہیں جہاں انہوں نے ترک ڈرامہ سیریل کے مشہور کردار ’ارطغرل غازی‘ کے مزار کا دورہ کیا۔
خیال رہے پاکستانیوں کی جانب سے بے پناہ محبت کے اظہار کے بعد ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ کے تمام کردار پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کرچکے ہیں جب کہ حال ہی میں ’ارطغرل غازی‘ میں دوآن الپ کا کردار ادا کرنے والے جاوید چتین گونر اسلام آباد آئے تھے۔
اداکار عدنان صدیقی نے سماجی رابطے کی فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ’ارطغرل غازی‘ کے مزار پر موجود ہیں۔ اداکار نے 13ویں صدی کے ترک سپہ سالار کا مزار دکھاتے ہوئے اپنا کیمرہ ایک قبر کی جانب کیا اور کہا کہ یہ ہے ’ارطغرل غازی‘ کا مزار۔
بعد ازاں عدنان صدیقی نے مزار پر حاضری کے بعد ان کی قبر پر فاتحہ بھی پڑھی اور ان کے ساتھ موجود ٹور گائیڈ انہیں دیگر قبروں کے بارے میں بھی بتاتے رہے، جن میں اکثریت ’ارطغرل غازی‘ کے ساتھ شہید ہونے والے سپاہیوں کی تھی۔ اس سے قبل عدنان صدیقی دورہ ترکی میں ’ارطغرل غازی‘ کے چند کرداروں سے ملاقات بھی کرچکے ہیں۔
واضح رہے ترک ڈرامہ سیریل ‘ارطغرل غازی’ پی ٹی وی پر اردو ترجمہ کے ساتھ نشر کیا جارہا ہے جہاں اس کا دوسرا سیزن شروع ہوچکا ہے۔ اسلامی تاریخ پر مبنی اس ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے جو ’ارطغرل غازی‘ نامی مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے۔