ٹک ٹاک سٹار جنت مرزا نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھ دیئے

پاکستان کی ٹاپ ٹک ٹاک سٹار جنت مرزا نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھ دیئے ہیں اور وہ معروف پاکستانی فلمساز سید نور کی فلم میں ہیروئن کے کردار میں نظر آئیں گی۔ 

 فلم کے ہدایت کار سید نور پنجابی سنیما کے بحالی کی کوششوں میں کردار ادا کرتے ہوئے‘تیرے باجرے دی راکھی’کے نام سے فلم بنارہے ہیں۔

فلم کا تقریباً 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور کورونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے والا دیگر کام جلد مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔

اس فلم کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ مصطفیٰ قریشی اور ان کے بیٹے عامر قریشی پہلی مرتبہ سلور اسکرین پر ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔

فلم کے ہیرو کو بھی پہلی مرتبہ سلور اسکرین پر متعارف کروایا جارہا ہے، فلم کے ہیرو عبداللہ نے کینیڈا سے فلم کی تعلیم حاصل کی ہے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں اداکارہ صائمہ، عرفان کھوسٹ، شفقت چیمہ، افتخار ٹھاکر، آغا ماجد، سلیم البیلا اور صائمہ سلیم جیسے بڑے نام شامل ہیں۔

سید نور کی اس فلم کی شوٹنگ لاہور اور ملحقہ دیہاتوں میں کی گئی ہے فلم کی موسیقی ذوالفقار نے ترتیب دی ہے جبکہ اس کی کہانی سیدنور نے لکھی ہے۔