کورونا وائرس، دی بیٹ مین کی ریلیز مؤخر کردی گئی 

عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث وارنر بردارز نے اپنی دو فلموں ’ڈیون‘ اور ’دی بیٹ مین‘  کی ریلیزمؤخر کردی ہے۔دی بیٹ مین کو اب 2022میں ریلیز کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرزکی رپورٹ کے مطابق کینیڈین ڈائریکٹر ڈینس ویلینیو کی ہدایت کاری میں بننے والی سائنس فکشن فلم‘ڈیون’اب دسمبر کے بجائے اکتوبر 2021 میں ریلیز ہوگی۔

‘دی بیٹ مین’جس میں اداکار روبرٹ پیٹسن مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، کو آئندہ برس اکتوبر کے بجائے 2022 کی بہار میں ریلیز کیا جائے گا۔


خیال رہے کہ وارنر اسٹوڈیو نے ابتدائی طور پر اعلان کیا تھا کہ فلم دی بیٹ مین کو سال 2021 کی جون میں ریلیز کیا جائے گا بعدازاں اسے اکتوبر 2021 میں ریلیز کرنیکا اعلان ہوا تھا اور اب اس میں تاخیر کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔

علاوہ ازیں ستمبر میں ہالی وڈ کی سائنس فکشن فلم 'دی بیٹ مین' کے مرکزی اداکار روبرٹ پیٹسن میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد فلم کی شوٹنگ 2 ہفتے تک روک دی گئی تھی۔

فلم اسٹوڈیو وارنر بروس نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے فرد کا نام نہیں بتایا تھا تاہم ورائٹی، ہولی وڈ رپورٹر اور وینیٹی فیئر نے تمام ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ جس فرد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے وہ فلم اسٹار روبرٹ پیٹسن ہیں۔

یہ واضح نہیں تھا کہ اداکار میں عالمی وبا کا باعث بننے والے کورونا وائرس کی علامات کس حد تک ظاہر ہوئیں۔