ممبئی۔ بالی ووڈ اداکارہ ثنا خان نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے بالی ووڈ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔۔ ثنا خان نے یہ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اس فیصلے کو اپنی زندگی کا سب سے اہم فیصلہ قرار دیا ہے ساتھ ہی انہوں نے اپنے فیصلے پر خوشی کا بھی اظہار کیا ہے۔
پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ثنا خان نے لکھا ہے۔ ”میرا سب سے خوشی والا لمحہ۔ اللہ میرے اس سفر میں میری مدد کریں اور راستہ دکھائیں۔ آپ سب مجھے دعا میں شامل رکھیں“۔
اپنی پوسٹ میں ثنا نے لکھا۔ ' بھائیو اور بہنوں، اب میں اپنی زندگی کے سب سے اہم موڑ پر آ گئی ہوں اور آپ سے بات کر رہی ہوں۔ میں سالوں سے فلم انڈسٹری میں زندگی گزار رہی ہوں۔ ایک عرصے سے مجھے ہر طرح کی شہرت، عزت اور دولت ملی۔ مجھے یہ سب اپنے چاہنے والوں سے ملا، جس کے لئے میں ان کی شکرگزار ہوں“۔
ثنا مزید لکھتی ہیں۔”لیکن اب کچھ دن سے یہ احساس مجھ پر قبضہ جمائے ہوئے ہے کہ دنیا میں آنے کا مقصد کیا صرف یہ ہے کہ وہ دولت اور شہرت کمائے؟ کیا اس کا یہ فرض نہیں ہے کہ وہ اپنی زندگی میں ان لوگوں کی خدمت کرے جو بے آسرا اور بے سہارا ہیں؟ کیا اسے یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ موت کسی بھی وقت آ سکتی ہے اور مرنے کے بعد اس کا کیا بننے والا ہے۔ ان دو سوالوں کے جواب میں مدت سے تلاش کر رہی ہوں۔ خاص کر دوسرے سوال کا جواب کہ مرنے کے بعد میرا کیا ہو گا'؟
”اس سوال کا جواب میں نے اپنے مذہب میں تلاش کیا تو مجھے پتہ چلا کہ دنیا کی یہ زندگی اصل میں مرنے کے بعد کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ہے۔ اور وہ اسی صورت میں بہتر ہو گی جب بندہ اپنے پیدا کرنے والے کے حکم کے مطابق اپنی زندگی گزارے اور صرف دولت اور شہرت کو اپنا مقصد نہ بنائے۔ بلکہ گناہ کی زندگی سے بچ کر انسانیت کی خدمت کرے اور اپنے پیدا کرنے والے کے بتائے طریقوں پر چلے“۔