شوبزسے تعلق رکھنے والے افراد کا معصوم زینب کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعے پر غم و غصے کا اظہار

زیادتی کے بعد قتل ہونے والی چارسدہ کی ڈھائی سالہ زینب کے لیے شوبز فنکاروں نے آواز اٹھاتے ہوئے حکومت سے ایک بار پھر زیادتی کے مجرموں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بچی کی مسخ شدہ لاش برآمد ہونے کے بعد ٹوئٹرپرجسٹس فار زینب کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کررہا تھا جہاں لوگ معصوم بچیوں کو اپنا ہوس کا نشانہ بنانے والے مجرمان کوکڑی سزا دینے کا مطالبہ کررہے تھے۔ شوبزسے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی معصوم زینب کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعے پر غم و غصے کا اظہار کیا۔

اداکار عدنان صدیقی نے ٹوئٹر پر ایک اور زینب اور جسٹس فار زینب کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے کہا کاش ننھی زینب کا خون چیخ چیخ کر ان درندوں کو ہمیشہ کے لیے تکلیف دے۔

اداکاراحمد علی بٹ نے بھی ننھی زینب کے لیے آوازاٹھاتے ہوئے کہا اللہ زینب کے مجرموں کوغرق کرے ان کا نام و نشان نہ رہے۔ بس بہت ہوگیا زمین پر انسانیت سب سے بدتر چیزبن گئی ہے۔ میرا دل ٹوٹ گیا ہے اللہ ہمیں معاف کرے۔ احمد علی بٹ نے اپنی پوسٹ میں زیادتی کے مجرمان کو قتل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

اداکارہ زارا نور عباس نے بھی زینب کے ساتھ ہوئے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور شدید مایوسی کے عالم میں کہا کہ انصاف کبھی فراہم نہیں کیا جائے گا ہم اندھیرے میں ہیں اور یہیں رہیں گے۔