کورونا کی دوسری لہر، دنیا بھر میں ایک دن میں 3700 افرادجاں بحق

 

شنگھائی۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس اسے اموات کی تعداد 10 لاکھ 85 ہزار سے تجاوز کر گئی، کورونا کی اس دوسری لہر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 700 افرادجاں بحق جبکہ ڈھائی لاکھ افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  شنگھائی کی نجی سافٹ ویئر سلوشن کمپنی کی ریفرنس ویب سائٹ ورلڈومیٹر کے اعداد و شمار  میں کہا گیا ہے کہ  دنیابھر میں نئے کورونا وائرس کو وِڈ 19 سے ہلاکتیں 10 لاکھ 85 ہزار 500 ہو گئی ہیں۔

یہ مہلک وائرس اب تک دنیا کے 214 ممالک اور علاقوں میں 3 کروڑ اور 80 لاکھ 49 ہزار انسانوں کو متاثر کر چکا ہے، دوسری طرف وائرس سے لگنے والی بیماری سے اب تک 2 کروڑ 86 لاکھ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

چین سے نمودار ہونے والے اس وائرس نے سب سے زیادہ تباہی امریکا میں پھیلائی، اب تک وائرس سے امریکا میں 2 لاکھ 20 ہزار افراد جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 80 لاکھ 27 ہزار ہے، جن میں 51 لاکھ 84 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

بھارت میں وائرس کے مزید 55 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے، مجموعی متاثرین کی تعداد 71 لاکھ 75 ہزار سے تجاوز کر گئی، جبکہ اموات 1 لاکھ 9 ہزار 800 ہو چکی ہیں۔

برازیل میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں بڑھ کر 1 لاکھ 50 ہزار ہو گئی ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 51 لاکھ 3 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

 روس میں وائرس سے اموات 22 ہزار 700 سے زائد ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 12 ہزار ہو چکی ہے۔

چین میں کورونا کے نئے کیسز سامنے آنے لگے ہیں، شہر چنگ ڈاؤ میں 9 کیس رپورٹ ہوئے، جس پر چینی حکومت نے چنگ ڈاوکی پوری آبادی کے ٹیسٹ کرانے کا اعلان کیا ہے، چینی حکام کا کہنا ہے کہ 5 دن میں شہر کی تمام 90 لاکھ آبادی کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔