بالی ووڈ کے تینوں خانز ، دیگر 34 پروڈکشن ہاؤسز اور 4 ایسوسی ایشنز نے بھارتی ٹی وی چینلز اور صحافیوں کی جانب سے کردار کشی پر عدالت سے رجوع کرلیا۔
بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد بعض بھارتی ٹی وی چینلز ’ری پبلک ٹی وی‘، ’ٹائمز ناؤ‘ اور صحافی ارناب گوسوامی، پردیب بھنڈاری اور دیگر نے بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے کئی غیرمناسب الفاظ کہے تھے اور مسلسل پروپیگنڈا جاری رکھا تھا۔
بھارتی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی کی جانب سے سشانت کی موت کی تفتیش میں کسی قسم کے مجرمانہ عمل کے نہ ہونے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد اب بالی ووڈ نے ان ہی ٹی وی چینلز اور صحافیوں کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے۔
بالی ووڈ اسٹارز سلمان خان، عامر خان، شاہ رخ خان، اجے دیوگن، یش راج فلمز اور کرن جوہرکے پروڈکشن ہاؤسز سمیت 34 پروڈکشن ہاؤسز اور 4 ایسوسی ایشنز نے چینلز اور صحافیوں کے خلاف دہلی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چینلز اور صحافیوں نے فلم انڈسٹری کیلئے ’گندگی‘، ’نجاست‘ اور ’نشئی‘ کی طرح کے الفاظ استعمال کیے اور اس کے ساتھ ساتھ اداکاروں و انڈسٹری کی کردار کشی اور میڈیا ٹرائلز کیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ چینلز اور صحافیوں کو انڈسٹری کیلئے ایسے الفاظ استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی ٹی وی چینل ری پبلک ٹی وی سمیت 3 ٹی وی چینلز کے خلاف ٹیلی ویژن ریٹنگ پوائنٹ (ٹی آر پی) میں گڑبڑ کرنے کے انکشافات سامنے آئے تھے۔
بھارتی میڈیاکے مطابق ممبئی پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ری پبلک ٹی وی اور مراٹھی زبان کے دو ٹی وی چینلز کے خلاف ثبوت ملے ہیں کہ انہوں نے اپنی ریٹنگ بڑھانے کے لیے ٹی آر پی میٹرز والے گھروں کو پیسے دیے تاکہ وہ ان کے چینلز کو مسلسل ٹی وی پر آن رکھیں۔