لسبن: فٹ بال کی دنیا کے نامور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔
پرتگال فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے منگل کے روز جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ رونالڈو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
فیڈریشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ’یوئیفا چیمپئنز لیگ کے تحت بدھ کو سوئیڈن کے خلاف ہونے والے میچ میں اب رونالڈو حصہ نہیں لے سکیں گے‘۔
بتایا گیا ہے کہ رونالڈو کو کورونا کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی اْس کے باوجود اْن کے کوویڈ ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی۔
فٹ بال فیڈریشن نے رونالڈو کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد پرتگال کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں اور دیگر لوگوں کا بھی ٹیسٹ کروایا البتہ تمام کی رپورٹس منفی آئیں۔
رونالڈو کی ٹیم نیشنل لیگ میں اب تک فرانس اور اسپین کے خلاف میچ کھیل چکی ہے۔
پرتگال اور اسپین کے درمیان بدھ کے روز ہونے والے دوستانہ میچ میں دونوں میں سے کوئی بھی ٹیم گول نہیں کرسکی تھی اسی طرح اتوار کو فرانس کے ساتھ ہونے والا میچ میں بغیر کسی گول کے برابر ہوا تھا۔